خصوصی اقتصادی زونز کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات ہے، اسد عمر
اسلام آباد (امروز نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز کا قیام اوراس پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،آنےوالے مہینوں میں سی پیک منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائےگی۔ وفاقی وزیر نے یہ بات جمعہ کو چینی سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات کے دوران خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سی پیک اور اقتصادی تعاون سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ اسد عمر نے کہا کہ آنےوالے مہینوں میں سی پیک منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائےگی، سپیشل اکنامک زونز کا قیام اوراس پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون مینوفیکچرنگ میں مشترکہ منصوبوں کے قیام کو ممکن بنائے گا جو دونوں اطراف کے کاروباری اداروں کو متحد کرے گا، پاکستانی مینوفیکچرنگ صنعتوں کےلئے یہ ضروری ہے کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کرکے عالمی ویلیو چین کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں تعاون کا فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستانی معیشت کےلئے انتہائی اہم ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی مینوفیکچرنگ صنعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔