بلوچستان بھر سے میرٹ کی بنیاد پر بیس کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا جائے گا، عمر گل
نصیرآباد (امروز ویب ڈیسک)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور وزیر اعلی بلوچستان کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل کی سربراہی میں شہید عبدالغفا ر سیال کرکٹ اسٹیڈیم ڈیرہ مراد جمالی میں ایک روزہ کیمپ لگایا گیا جس میں نصیرآباد،جعفر آباد،جھل مگسی،صحبت پور،بولان کے اضلاع سے دو سو سے زائد کی تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شرٹس اور کیپس تقسیم کئے گئے
ایک روزہ کیمپ میں صوبائی سیکرٹری اسپورٹس بلوچستان،عمران گچکی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان ڈپٹی کمشنر نصیرآباد اظہر شہزاد،سپورٹس آفیسران رحیم بخش جویا عاشق علی چنہ نصیرآباد کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین میر غلام نبی عمرانی ممبر منٹھار خان منگی سمیت دیگر موجود تھے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل نے بیسٹ مین،بولرز،وکٹ کیپر ز کے ٹرائلز لیے عمر گل نے کھلاڑیوں کو مختلف ٹپس بھی دیں قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عمرگل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے منیجر اعظم خان نے کہا کہ کوئٹہ ڈیرہ مراد جمالی اور حب میں کیمپ لگا کر کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیئے جا رہے ہیں بلوچستان بھر سے میرٹ کی بنیاد پر بیس کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا جائے گا ہمارے آنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ جن نوجوانوں میں ٹیلنٹ ہے وہ آگے آئیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ان کی بھرپور سپورٹ و معاونت کرے گی بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے
اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس عمران گچکی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی دلچسپی کی بدولت بلوچستان بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو صحت مندانہ زندگی کی فراہمی کے لیئے اسپورٹس کے شعبہ اپنا کلیدی کردار ادا کرے موجودہ حکومت صوبے میں پوشیدہ ٹیلنٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے تاکہ یہ کھلاڑی آگے چل کر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں نصیر آباد کی دھرتی جس طرح زرخیز ہے یہاں کے نوجوان بھی اسپورٹس کی مہارت میں اپنی زرخیزی سے سرشار ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ یہ کھلاڑی مستقبل میں اپنا نام روشن کر سکیں صوبائی حکومت اسپورٹس کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس کے ثمرات نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی دہلیز پر میسر آ رہے ہیں۔