ثانیہ مرزا پاکستانی ٹیم کے بائیو سیکور ببل میں پہنچ گئیں
آئی سی سی پروٹوکولز کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی ہے
دبئی(امروز ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا بھی پاکستان ٹیم کے بائیو سیکور ببل میں پہنچ گئیں۔ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان کے ہمراہ دبئی میں قرنطینہ مکمل کیا جس کے بعد ثانیہ مرزا اور بیٹے نے قومی کرکٹ ٹیم کا بائیو سیکور ببل جوائن کرلیا ہے
۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)پروٹوکولز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی ہے۔ محمد حفیظ، حسن علی، عماد وسیم، فخر زمان اور محمد رضوان کی فیملیز ان کے ساتھ ہیں جب کہ کوچ ثقلین مشتاق اور لیگ سپنر عثمان قادر کے اہل خانہ بھی بائیو سیکور ببل میں موجود ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے پاک بھارت میچ والے روز غائب ہونے کا اعلان بھی کررکھا ہے
۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام ریل پر اس حوالے سے ایک پیغام شیئر کیا۔ ثانیہ نے لکھا کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 میں پاک بھارت میچ والے دن سوشل میڈیا سے غائب ہورہی ہیں۔ اپنی اس ریل میں ثانیہ مرزا نے الوداع کا کیپشن بھی دیا۔