روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار، پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت کہاں پہنچ گئی؟
کراچی پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مسلسل نویں روز بھی گراوٹ کا شکار رہا اور انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندی کے ساتھ ہوا۔
پیر کے روز ڈالر کا انٹربینک ریٹ دن بھر 284 روپے کے قریب رہا تاہم اختتام پر یہ 283اعشاریہ 86 روپے پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 285 سے 288 روپے کے درمیان ریکارڈ کی گئی جبکہ دن کے دوران ڈالر ایک موقع پر 288 روپے تک بھی پہنچ گیا لیکن بعد میں معمولی بہتری کے ساتھ 284 سے 287 روپے کی سطح پر واپس آ گیا۔
یہ مسلسل نواں دن تھا جب روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں تنزلی کا شکار رہا۔ روزانہ کی بنیاد پر روپے کی قدر میں صفر اعشاریہ 06 فیصد، یعنی 16 پیسے کی کمی واقع ہوئی۔
رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک روپے کی مجموعی گراوٹ 1اعشاریہ 87 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک منفی اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور اوپن مارکیٹ میں پاؤنڈ کی قیمت 384 سے 387 روپے کے درمیان رہی۔
دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مخلوط رجحان دیکھنے کو ملا۔ اماراتی درہم کے مقابلے میں روپیہ 4 پیسے جبکہ سعودی ریال کے مقابلے میں 6 پیسے کمزور ہوا۔
کینیڈین ڈالر کے مقابلے میں روپے نے 85 پیسے اور آسٹریلین ڈالر کے مقابلے میں 1اعشاریہ 8 روپے کی بہتری حاصل کی۔
مجموعی طور پر روپے کی مسلسل کمزوری خاص طور پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں باعث تشویش ہے جس کے اثرات ملکی درآمدات، مہنگائی اور بیرونی قرضوں پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔