پاکستان میں کورونا سے صحتیاب افراد کے پلازما سے 200 شدید متاثرین کا علاج کیا جائے گا۔
کوئٹہ (امروز نیوز)
پاکستان میں کورونا سے صحتیاب افراد کے پلازما سے 200 شدید متاثرین کا علاج کیا جائے گا۔
کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوجانے والوں کا بلڈ پلازما اسی وائرس سے شدید بیمار افراد کو لگایا جائے گا۔
سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے کورونا وائرس کے خلاف چینی طرز کی حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے پائلٹ پروجیکٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے جس کے تحت کورونا وائرس سے متاثر ہو کر صحت یاب ہوجانے والے افراد کا بلڈ پلازما (خوناب) اسی وائرس سے شدید طور پر متاثر اور بیمار ہونے والے افراد کو لگایا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ تدبیر جسے ’’غیر عامل امنیت کاری‘‘ (Passive Immunization) کہا جاتا ہے، چین میں کورونا وائرس کی حالیہ وبا میں نہایت کامیابی سے آزمائی جاچکی ہے۔ البتہ یہ صرف ایک عارضی حل ہے جو کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہونے تک ہی اختیار کیا جائے گا۔
اس پر امریکا میں عمل شروع ہوچکا ہے اور اب پاکستان نے بھی یہی تدبیر اختیار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر عامل امنیت کاری کی حکمتِ عملی کے بارے میں سندھ اور پنجاب کی حکومتیں پہلے ہی مشہور پاکستانی ماہرِ امراضِ خون ڈاکٹر طاہر شمسی سے رابطے میں ہیں اور ان سے مسلسل رہنمائی لی جارہی ہے۔