شوگر کمیشن میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی طلبی، ڈائریکٹر FIA کو ایک اور خط
کوئٹہ (امروز نیوز)
شوگر کمیشن کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کرنے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو ایک اور خط لکھ دیا۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کمیشن ٹی او آرز کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ کو طلب نہیں کر سکتا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کمیشن 11 اور 13 مئی کو وزیرِ اعلیٰ سندھ کی طلبی کے احکامات واپس لے، چینی پر سبسڈی پنجاب حکومت نے دی۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ میں 18-2017ء میں چینی کی قیمتیں کم ہوئی تھیں بڑھی نہیں تھیں، سندھ حکومت کو معاملے میں کیوں گھسیٹا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چینی انکوائری کمیشن کی جاری تحقیقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا جبکہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔