گرین شرٹس کیلئے انگلش ٹور آسان ہرگز نہیں ہوگا :راشد لطیف
لاہور :
سابق قومی کپتان اور اپننے دور کے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کیلئے انگلش ٹور آسان ہرگز نہیں ہوگا کیونکہ ماضی کے برعکس انہیں اس بار لندن میں میچز کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے اس بار لارڈز اور اوول میں میچز نہیں رکھے گئے جہاں اس کا ریکارڈ کافی بہتر رہا ہے .
جبکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ 2016ء پاکستانی ٹیم کو مصباح الحق اور یونس خان کی خدمات حاصل تھیں جنہوں نے سیریز ڈرا کرنے میں بھرپور مدد فراہم کی تھی لیکن اس بار معاملہ کافی مختلف بلکہ سخت ہوگا۔
سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان طویل عرصے تک ساتھ کھیل چکے ہیں .
لہٰذا ان کی عمدہ بیٹنگ کی طرح کوچنگ کی شراکت بھی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتی رہی تو اس سے پاکستانی ٹیم فائدہ اٹھا سکتی ہے ۔
ان کا پی سی بی کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یونس خان کے تجربے کا محض انگلینڈ میں ہی نہیں بلکہ طویل مدت تک استعمال کرنا چاہئے جو اپنی مہارت نوجوان کھلاڑیوں تک منتقل کر سکتے ہیں.
اور ہیڈ کوچ مصباح الحق چونکہ لچکدار اپروچ کے حامل ہیں لہٰذا امید یہی ہے کہ ان کے کھلے ذہن کے ساتھ فیصلے کارآمد ثابت ہوں گے ۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں کہ احسان مانی ایشین کرکٹ کونسل یا آئی سی سی میں کوئی بڑا عہدہ سنبھال لیں کیونکہ محض ٹائی لگا کر کوئی بڑا فرق نہیں لا سکتا ہے.
اور یہ بات پی سی بی کے معاملات کو دیکھ کر سمجھی جا سکتی ہے جن میں کوئی فرق نہیں آ سکا جبکہ وسیم خان میں توانائی نظر آتی ہے