حکومت سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو فوری طور پر مارکیٹ ریٹ پر زمین کی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائے، موسی بلوچ، غلام نبی مری
بغیر معاوضے کے لوگوں کو دکانوں اورگھروں سے بے دخل کرنے کی بلوچستان نیشنل پارٹی مذمت کرتی ہے
کوئٹہ( امروز ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسی بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو فوری طور پر مارکیٹ ریٹ پر زمین کی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائے، بغیر معاوضے کے لوگوں کو دکانوں اورگھروں سے بے دخل کرنے کی بلوچستان نیشنل پارٹی مذمت کرتی ہے ،سریاب روڈ کے متاثرین نے اگراحتجاج کی کال دی تو بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کی جانب سے لگائے گئے
احتجاجی کیمپ میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان کے چیئرمین ٹکر ی حمید بنگلزئی،حاجی بشیر جان و دیگر بھی موجود تھے۔موسی بلوچ و دیگر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو روزگار اور گھردینے کے خواب دکھائے اقتدار میں آنے کے بعد حکمرانوں نے ابتک لاکھوں افراد کو بے روزگار اور بے گھر کردیا ہے عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو حکومت کی جانب سے 690روپے فی فٹ قیمت دینا سراسر تاجروں اور متاثرین کے ساتھ نا انصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ روڈ کٹنگ کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے لئے کسی دوسری جگہ پر زمین کی خریدکویقینی بناسکیں۔