بچے کلاس روم میں کیا کرتے ہیں، والدین لائیو دیکھ سکیں گے

0 115

بچے کلاس روم میں کیا کرتے ہیں، والدین لائیو دیکھ سکیں گے، دہلی حکومت نے کلاس رومز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا منصوبہ شروع کردیا۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا یہ قدم اسکولوں کی صورتحال میں بہتری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا اور طلبا کی سیکیورٹی یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا والدین اپنے بچوں کو کلاس میں پڑھتے ہوئے دیکھ سکیں گے، اس سال نومبر تک دہلی کے تمام اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے جائیں گے۔

کیجریوال نے کہا وہ اس پروجیکٹ سے شاندار نتائج کی توقع کررہے ہیں اورآنے والے وقت میں یہ منصوبہ پوری دنیا کے لئے مثال بنے گا۔

دریں اثنا اس منصوبے کیخلاف دہلی ہائی کورٹ میں پیرنٹس اینڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے درخواست دائر کردی۔

درخواست گزاروں نے کہا ہے کہ طلباء، ان کے والدین یا اساتذہ کی رضامندی کے بغیر کلاس رومز کے اندر کیمرے نصب کرنا ان کے پرائیویسی کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے کسی ریگولیٹری فریم ورک کی عدم موجودگی، پرسنل کمپیوٹر سرورز پر بچوں کا ڈیٹا وصول کرنے اور پھر اسٹور کرنے کا دوہرا عمل “خطرے سے بھرا ہوا” ہے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ ایسی فوٹیج کو سوشل میڈیا پر پھیلا کرغلط استعمال کیا جا سکتا ہے، اساتذہ کی یونین آرٹیکل 21 کے تحت ان کی پرائیویسی اور ان کے وقار کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہے، مسلسل نگرانی کے باعث اساتذہ نفسیاتی دباؤ میں رہینگے۔

دہلی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے اس درخواست پر دہلی حکومت، محکمہ تعلیم ودیگر سے 30 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.