سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

1 190

پاکستان کے صوبے سندھ اور بلوچستان میں جولائی کے مہینے میں مون سون کی بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

وزارت موسمياتى تبدیلی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سندھ میں ہوئی جو معمول سے 61 ملی میٹر زیادہ تھی، جب کہ بلوچستان میں 39 ملی میٹر زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں 10.5 ملی میٹر، اور بلوچستان میں 6.9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ آزاد جموں و کشمیر میں معمول سے تقریباً 10 ملی میٹر زیادہ بارشیں ہوئیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ملک میں معمول سے 28 ملی میٹر زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج بروز ہفتہ 9 جولائی سے 12 جولائی کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

میٹ آفس کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جب کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مسافر اور سیاح محتاط رہیں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے اور نشیبی علاقوں میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ آج خضدار، قلات، چمن، دالبندین، مسلم باغ، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران، ژوب، بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب بدین کے مختلف دیہی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے شہر حب میں ریلے میں پھنسنے والی خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، نورانی کراس پر ریلے گزرنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے۔

1 Comment
  1. […] لورالائی میں7، خضدار میں 2 اور لسبیلہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.