آئندہ سال تل ابیب سے حج پروازیں سعودی عرب جائیں گی، اسرائیلی وزیر
اسرائیلی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال اسرائیل سے حج پروازیں براہ راست سعودی عرب جائیں گی۔
علاقائی امور میں تعاون کے اسرائیلی وزیر عیساوی فریج کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں رہنے والے مسلمان اب حج کے لیے براہ راست سعودی عرب جاسکیں گے اور بالواسطہ پروازوں کی زحمت سے بچ جائیں گے۔
اسرائیلی وزیر نے کہا خطے کے ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور تعلقات کو معمول پر لانے کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور اس حوالے سے معاملات اب کافی آگے بڑھ چکے ہیں تاہم اسرائیلی وزیر نے اپنے اس دعوے کی بنیاد بتانے سے گریز کیا۔
اسرائیلی وزیر کے مطابق آئندہ سال اسرائیلی مسلمان تل ابیب ائیر پورٹ سے جدہ کے لیے براہ راست پرواز کے ذریعے حج کے لیے جائیں گے تاہم انکے اس دعوے پر ابھی ریاض نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں رہنے والے مسلمان حج کے لیے کسی دوسرے ملک کے راستے بلاواسطہ طور پر سعودی عرب جاتے ہیں اس وجہ سے انہیں 11500 ڈالر کے اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں براہ راست پروازوں سے یہ اخراجات کم ہو جائیں گے۔