جوبلی انشورنس 44ویں قومی سنوکر چمپئن شپ کا آغاز (آج) سے کراچی جمخانہ میں ہو گا
کراچی (امروز نیوز)جوبلی انشورنس 44ویں قومی سنوکر چمپئن شپ کا آغاز (آج) بدھ سے کراچی جمخانہ میں ہو گا، چمپئن شپ کا فاتح کیوئسٹ رواں برس قطر میں شیڈول ایشین سنوکر چمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرےگا۔ پی بی اےس اے کے میڈیا کوو آرڈینیٹر نوید کپاڈیہ نے بتایا کہ 30 مارچ تک جاری رہنے والی چمپئن شپ میں ملک بھر سے 56 کیوئسٹس ٹائٹل کیلئے قسمت آزمائی کریں گے جنہیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔ کوالیفائنگ راﺅنڈز بیسٹ آف سیون، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف نائن، سیمی فائنلز بیسٹ آف الیون جبکہ فائنل بیسٹ آف 15 فریمز پر مشتمل ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ چمپئن شپ کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ اور 72 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح کیوئسٹ کو 1 لاکھ، رنر اپ کو 50 ہزار، سیمی فائنلسٹ کو 20، 20 ہزار، کوارٹر فائنلسٹ کو 10، 10، پری کوارٹر فائنلسٹ کو 4، 4 ہزار اور ہائسٹ سنچری پلس بریک کھیلنے والے کیوئسٹ کو 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا جائےگا۔