ایشیاء کپ 2022ء کہاں ہوگا؟ نئی خبر آگئی

0 140

ایشیا کپ 2022 کے مقام کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، ایک بار پھر ایونٹ سری لنکا میں کرانے کی خبریں سامنے آئی ہیں جبکہ پہلے یہ اطلاع آئی تھی کہ سری لنکا نے اندرونی سیاسی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق لنکن حکومت نے اپنے کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، سری لنکا کے ڈیلی نیوز نے منگل کو رپورٹ کیا کہ ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے اس سلسلے میں بورڈ حکام کے ساتھ بات چیت کی اور اس ایونٹ کو کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ ایونٹ 24 اگست سے 10 ستمبر تک ہونا ہے جس کے تمام میچز آر پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کولمبو میں کھیلے جائیں گے تاہم ایونٹ کے وینیو سے متعلق حتمی فیصلہ سری لنکا کرکٹ اور ایشین کرکٹ کونسل کے درمیان 28 جولائی کو دبئی میں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے کہا تھا کہ ایشیا کپ 2022 کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا، انکا کہنا تھا کہ یہ واحد جگہ ہے جہاں ان تاریخوں میں بارش نہیں ہوگی۔

ایشیا کپ میں چھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کو ایک ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ بھارت، پاکستان اور کوالیفائر دوسرے گروپ میں ہونگے، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ہانگ کانگ اور کویت کی ٹیمیں کوالیفائر میں آخری جگہ کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

یہ ٹورنامنٹ T20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا تاکہ ٹیموں کو آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی T20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.