ناکافی پیٹرول پر موٹر سائیکل سوار کا چالان
بھارت میں ایک موٹر سائیکل سوار کا ناکافی پیٹرول ہونے پر چالان کردیا گیا۔
موٹر سائیکل سواروں کے ٹریفک چالان عام طور پر اشاروں کی خلاف ورزی، ہیلمٹ نہ پہننے یا ضروری دستاویزات نہ ہونے پر ہوتے ہیں لیکن بھارتی ریاست کیرالا میں ایک شخص کا ناکافی پیٹرول ہونے پر چالان کردیا گیا ہے۔
بازل صیام نامی شخص کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ای-چالان بھیجا گیا جس کی تصویر اس نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کردی۔ ای چالان میں واضح طور پر جرم کی نوعیت اور جرمانے کی رقم 250 روپے درج ہے۔
بازل صیام نے بتایا کہ وہ دفتر جارہا تھا کہ ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف سمت پر بائیک چلاتے ہوئے روکا۔
ٹریفک اہلکار نے بازل کو قانون کی خلاف ورزی 250 روپے جرمانہ کردیا اور اس نے جرمانہ ادا بھی کردیا لیکن جب دفتر پہنچ کر اس نے چالان دیکھا تو اس میں جرمانے کی وجہ مسافروں کے ہمراہ ناکافی ایندھن کے ساتھ گاڑی چلانا تحریر تھا۔
معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقامی ٹی وی اور یوٹیوبر نے اپنے شوز میں بتایا کہ مرکزی (انڈین موٹر وہیکل ایکٹ) یا ریاستی قانون میں کسی کو کم ایندھن کے ساتھ اپنی گاڑی چلانے پر جرمانے کی کوئی شق ہی نہیں ہے۔
ریاست کیرالا کے ٹرانسپورٹ قانون میں صرف ایندھن سے متعلق جرم کا ذکر کیا گیا ہے کہ اگر ایک کمرشل گاڑی (وین، ٹیکسی، بس یا رکشہ) میں مسافروں کو منزل تک پہنچانے سے پہلے ایندھن ختم ہوجائے تو ڈرائیور یا اس کے مالک کو 250 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔