بالائی علاقوں سمیت پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان

0 100

لاہور،کراچی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی وجہ سے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،چھتیں گرنے اورآسمانی بجلی پڑنے کے واقعات میں 2افراد جاںبحق اور 16افراد زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 23 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آئندہ چند روز تک درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ ژوب، موسی خیل، بارکھان، خضدار، قلات، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دادو ، جیکب آباد، سبی اور موہنجوداڑو میں 44، کراچی، ملتان اور ساہیوالمیں 37، لاہور اور پشاور میں 35، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 33 اور مظفر آباد اور گلگت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔حیدرآباد، جام شورو اور ٹنڈوالہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہفتے کی شام گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث حیسکو ریجن میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد میں مکان کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک شخص جاں بحق جکہ 10 افراد زخمی ہوگئے، ٹھٹھہ میں شادی کی تقریب میں لگے شامیانے اور کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر مٹیاری میں مٹی کے طوفان سے آم کے باغات کو نقصان پہنچا۔دوسری جانب ڈیرہ غازی خان، میانوالی، لودھراں اور بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.