بھارت کیساتھ حالیہ کشیدگی کا پاکستان پرکوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑےگا: وزیر خزانہ

0 117

اسلام آباد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ فنڈز کی ادائیگی آج متوقع ہے ، بھارت سے کشیدگی کی وجہ سے کسی بڑے مالیاتی اثر کی توقع نہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق برطانوی خبرایجنسی سے گفتگو میں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ کشیدگی کے باعث کسی نئے معاشی جائزے کی رپورٹ کی ضرورت نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ پر بات چیت 14 سے 23 مئی تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ تجارتی مسائل جلد حل ہونے کی توقع ہے، بھارت کو یکطرفہ طور پر معطل سندھ طاس معاہدہ واپس بحال کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کاکہنا تھا کہ پاکستان بھارت سیزفائر کا خیر مقدم کرتے ہیں جو صدر ٹرمپ کی ثالثی سے ممکن ہوا، چیزیں معمول کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں جو اچھی بات ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیر کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا پاکستان پرکوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑےگا، اثر کا انتظام موجودہ بجٹ میں کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نیا بجٹ آنے میں ابھی تین چار ہفتے باقی ہیں،کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، دفاعی ضروریات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں جو کرنا ہوگا،کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کا قرض پروگرام روکنے میں ناکام ہوگیا، آئی ایم ایف نے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت اگلی قسط کی منظوری دی۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی دوسری قسط جاری کرنےکا فیصلہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.