ڈومیسٹک کرکٹ کا مضبوط ڈھانچہ ہی بہترین کرکٹرز پیدا کرتا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

0 146

لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی گرومنگ ہوگی اور اس عمل سے قومی ٹیم کو باصلاحیت بیک اپ دستیاب آئے گا۔

چیئرمین محسن نقوی، پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں مستقبل کی کرکٹ سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں شاہینز ٹیم کی تیاریوں، آئندہ ہوم سیریز اور غیر ملکی دوروں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے دوروں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک مؤثر اور مربوط ڈھانچہ ہی بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی سامنے لا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام انٹرنیشنل کرکٹرز کو کم از کم ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہوگی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہو اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے۔ انہوں نے شاہینز ٹیم کی تیاریوں کا ازسر نو جائزہ لینے اور سنٹرل کنٹریکٹس کے معاملات پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز عاقب جاوید اور کپتان آغا سلمان شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.