عمران خان سے ملاقات کی استدعا پر جسٹس منصور کا علی امین گنڈاپور کو اہم مشورہ
اسلام آباد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوگئے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کی استدعا کی ۔ سینئر ترین جج نے چیف جسٹس اور رجسٹرار سے رجوع کرنے کا راستہ دکھا دیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے وکیل لطیف کھوسہ اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل کے ہمراہ جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے ۔ لطیف کھوسہ نےکہا ایک ارجنٹ مسئلہ درپیش ہے۔ کے پی اسمبلی کا بجٹ سیشن چل رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست ارجنٹ سنی جائے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا جوڈیشل سائیڈ پر ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی یا رجسٹرار سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔ یہی بہترین طریقہ ہے ۔ آپ نےغلط دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خود روسٹرم پر آ کرکہا بجٹ منظوری کا پراسس اسمبلی میں چل رہا ہے ۔ ہماری بار بار کی درخواست کے باوجود بجٹ کمیٹی کی بانی سےملاقات نہیں کرائی گئی۔
بانی نے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا تھا۔ جس پر چیف جسٹس یحیی ٰآفریدی نے بڑے اچھے ریمارکس دیئے لیکن خط پر کوئی عمل نہیں ہوا ۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی لاہور میں ہیں انہی سے رجوع کریں۔