عامر خان 12 جولائی کو بھارتی باکسر کے مدمقابل ہوں گے

0 222

لاہور(امروز نیوز)عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار و باکسنگ آئیکن عامر خان سعودی عرب میں 12جولائی کو بھارتی باکسر نیراج گویت سے مقابلہ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور د ومرتبہ کے ورلڈ چمپئن و اولمپک سلور میڈلسٹ ”کنگ خان“ ورلڈ ٹائٹل مقابلے میں بھارت کے قومی باکسنگ ہیرو اور ڈبلیو بی سی ایشین چمپئن نیراج گویت کا سامنا کریں گے۔دونوں باکسرز نے ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ کے اس پرل بیلٹ مقابلے کے لیے ایک دوسرے کو شکست دینے کے بھرپور دعوے کیے ۔ڈبلیو بی سی پرل بیلٹ مقابلے کو فلائیڈ مے ویدر کونر میک گریگور منی بیلٹ مقابلے کے بعد دوسری اسپیشل چمپئن شپ مانا جاتا ہے۔مسلم دنیا میں کھیلوں میں عظیم باکسر محمد علی کے بعد پہلے اعلیٰ معیاری باکسر کی حیثیت اختیار کرنے والے عامر خان جدہ میں کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں اپنی مکے بازی کا جادو جگاتے دکھائی دیں گے۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا کہ ہم سعودی عرب میں اس مقابلے کی اجازت پر ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کے انتہائی شکر گزار ہیں۔یہ پہلی بار ہوگا کہ ایک پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کسی مقابلے میں بھارتی باکسر کا سامنا کرے گا اور یہ فائٹ یقینی طور پر دونوں ممالک کو کھیلوں کے حوالے سے قریب لانے میں معاون بھی ثابت ہوگی۔نیراج گویت کا متوقع فائٹ کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ بھارت میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں اور سعودی عرب میں باکسنگ کی دنیا کے معتبر نام عامر خان سے مقابلے کےلئے انتہائی پرجوش ہیں اور یقینی طور پر دنیا بھی اس تاریخی مقابلے کی منتظر ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.