بھارت نے ٹیسٹ میچ میں جنوبی آفریقہ کو ہرایا
رانچی (امروز نیوز)بھارت نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 202 رنز سے شکست دےکر تین میچز کی سیریز کلین سویپ کرلی، فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں جنوبی افریقن ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، تھیونس ڈی برائن 30 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، امیش یادیو اور اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شہباز ندیم نے دو،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،، روہت شرما کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو رانچی ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے فالو آن کے بعد دوسری ادھوری اننگز 132 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو تھیونس ڈی برائن 30 اور اینرچ نورجے 5رنز پر کھیل رہے تھے۔ تھیونس ڈی برائن اپنے گزشتہ روز کے سکور میں اضافہ کئے بغیر شہباز ندیم کی گیند پر ساہا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، انکے بعد نگیدی پروٹیز ٹیم کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے شہباز ندیم کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔ اینرچ نورجے بھی اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں اضافہ نہ کرسکے تاہم وہ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے اور یوں جنوبی افریقن ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت نے پروٹیز کو میچ میں اننگز اور 202 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سویپ کرلی۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، امیش یادیو اور اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شہباز ندیم نے دو،دو جبکہ روندرا جدیجا اور روی چندرن ایشون نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔