سانگلہ ہل میں 3 بچوں کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہو گیا
(امروز نیوز)
سانگلہ ہل میں 3 بچوں کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہو گیا، تینوں بچے والدین کے رویے سے تنگ آ کر اسلام آباد فرار ہو گئے تھے۔
ڈپٹی سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سانگلہ ہل ملک خالد نے ایس ایچ او ملک شمشیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 3 بچے 14 سالہ مظہر ریاض، 14 سالہ ایلیا مسیح اور 13 سالہ حسن 28 اگست کو اچانک لاپتہ ہو گئے تھے۔
بچوں کے والدین کی جانب سے اغوا کا مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد پولیس نے تینوں بچوں کی تلاش شروع کر دی تھی۔
پولیس کے مطابق تینوں بچے اسلام آباد میں سیر سپاٹا کرتے مل گئے جنہیں والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ تینوں بچے والدین کے رویے سے تنگ آ کر اسلام آباد فرار ہو گئے تھے۔