رمیز راجہ نے محمد حفیظ کو خود غرض قرار دیدیا
لاہور (امروز ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ٹی 10 لیگ کھیلنے پر بضد آل راونڈر محمد حفیظ کو خود غرض قرار دے دیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیمیں اب پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہر کوئی کوویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرے ، ٹی10 لیگ کھیلنے جانے والے قومی کھلاڑیوں میں سے آصف علی واپس آگئے مگر حفیظ نے اپنا کنٹریکٹ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا
جو ان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ہمیں لازمی طور پر کورونا پروٹوکول کی پیروی کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حارث روف کی مثال آپ کے سامنے ہے ، انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے کیلئے بگ بیش لیگ چھوڑ دی، اس سے ان کی ترجیحات کے بارے میں پتہ لگ رہا ہے، اگر آپ پاکستان کو ترجیح دے رہے ہیں تو آپ درست سمت میں گامزن ہیں
لیکن اگرآپ پاکستانی ٹیم میں انتخاب کی قیمت پر لیگ کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں تو آپ ٹھیک راستے پر نہیں جارہے ہیں ، ہر کھلاڑی کو خودغرضی دکھانے کی بجائے پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے ورنہ کوئی آپ کی حمایت میں سامنے نہیں آئے گا۔ یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل رمیزراجہ نے حفیظ کو اپنے کرکٹ مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا تھا
جس کے بعد آل راونڈر نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق کپتان کی کرکٹ خدمات کا معترف ہوں مگر جہاں تک کرکٹ کا تعلق ہے تو میرا 12 برس کا بیٹا ان سے زیادہ سوجھ بوجھ رکھتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رمیز راجہ کو اپنے یوٹیوب چینل کیلئے مرچ مصالحے کی ضرورت پڑتی اور وہ اس کا استعمال کرتے رہتے ہیں۔