ٹک ٹاکر ثنایوسف کی والدہ کا بیٹی کے قاتل سے متعلق اہم ترین بیان سامنے آ گیا

0 98

اسلام آباد اسلام آباد پولیس نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ تھانہ سمبل میں درج کرلیا۔

نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقتولہ ٹک ٹاکر کی والدہ نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ سامنے آنے پر ملزم کو شناخت کرسکتے ہیں۔

مقدمے کے مطابق مقتولہ ثنا یوسف کی والدہ فرزانہ یوسف نے بتایا کہ بوقت شام 5 بجے ایک نامعلوم شخص ہمارے گھر میں داخل ہوا جس نے کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اور ہاتھ میں پستول تھا، واقعے کے وقت میرے شوہر گھر پر نہیں تھے جبکہ میرا پندرہ سالہ بیٹا بھی ہمارے گاؤں چترال گیا ہوا تھا۔

ثنا یوسف کی والدہ نے بتایا کہ ملزم نے قتل کے ارادے سے کمرے میں موجود میری بیٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ثنا کو دو گولیاں سینے پر لگیں۔ ہمارے شور کرنے پر نامعلوم شخص موقع سے بھاگ گیا جبکہ اہل محلہ جمع ہو گئے، اپنی زخمی بیٹی کو ہمسائیوں کی گاڑی میں ڈال کر اسپتال پہنچی مگر وہ ز خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئی۔

مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف نے کہا کہ میری بیٹی زبردست سوشل میڈیا انفلونسر تھی، میری نند لطیفہ شاہ جو بطور مہمان ہمارے گھر میں موجود تھی اس واقعے کی گواہ ہے، میں اور میری نند لطیفہ شاہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق پیر کی شام 5 بجے نامعلوم ملزم ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے گھر داخل ہوا، ملزم کی فائرنگ سے2 گولیاں ثنا یوسف کے سینے میں لگیں، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا،ثنا یوسف کو اسپتال منتقل کیا مگر جانبر نہ ہوسکی۔ واضح رہے کہ ثنایوسف کا تعلق اپر چترال سے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.