آسٹریلوی حسین یادیں لیکر جارہے ہیں : رمیز راجہ کی دونوں ٹیموں کو مبارکباد

0 50

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کو 38 روزہ تاریخی دورے میں شاندار اور سنسنی خیز کرکٹ کھیلنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

 پی سی بی کی طرف سے رمیز راجہ  کا بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ 15 روز  پر مشتمل3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے فاتح کا تعین سیریز کے آخری گھنٹے میں ہوا جب کہ محدود طرز کی کرکٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے اعلیٰ معیار کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا، اس دوران دونوں ٹیموں  کی طرف سےایک دوسرے کے لیے جس احترام کا مظاہرہ کیا گیا وہ مثالی اور کرکٹ کے کھیل کی بھرپور ترجمانی تھی۔

چیئرمین پی سی بی  نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان کے اندر اور باہر اپنے رویے کے ذریعے اسپرٹ آف کرکٹ اور کھیل کی اقدار کو پروان چڑھایا۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے کھلاڑی اور آفیشلز اپنے ذاتی تجربے اور مشاہدے کے بعداب پاکستان سے حسین یادیں لیے  واپس اپنے گھر روانہ  ہورہے ہیں، جہاں وہ پاکستان کے بڑے وکیل اور خیر سگالی کے سفیر بنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح دونوں ٹیموں نے اس سیریز کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر شائقینِ کرکٹ کے دل جیتےہیں، اس پر عالمی کرکٹ بھی ان کی شکرگزار ہے، بلاشبہ اس تاریخی سیریز کے انعقاد سے پاکستان اور عالمی کرکٹ کے رتبہ میں بھی اضافہ ہواہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے لیے اپنے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے پر وہ تہہ دل سے کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ وہ پی سی بی کے عملے کے بھی مشکور ہیں کہ جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فوری بعد منعقدہ اس سیریز کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے پرجوش فینز کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے تینوں وینیوز پر دونوں ٹیموں کی دل و جان سے حوصلہ افزائی کرکے سیریز کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کیا۔

ان کا  کہنا تھا کہ وہ تمام سکیورٹی ایجنسیز، مقامی اور وفاقی حکومتوں، اپنے قابل قدر کمرشل پارٹنرز اور براڈکاسٹرز کا بھی شکریہ ادا کریں گے کہ جنہوں نے دنیا بھر کے ناظرین کو بہترین ٹرانسمیشن مہیا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.