کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ، بینک سے رابطوں اور بلنگ کا نظام متاثر
(امروز نیوز)
ہیکرز نے ڈیٹا انکرپٹ کرلیا، واپسی کیلئے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں، ڈارک ویب پر رابطے کے پیغامات چھوڑے گئے ہیں، ذرائع— فوٹو: فائل
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ ہوا ہے اور ہیکرز نے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے کمپیوٹرز ہیک کرلیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپیوٹرز میں موجود ڈیٹا ہیکرز کی جانب سے انکرپٹ کرلیا گیا ہے اور ڈیٹا کی واپسی کیلئے ہیکرز نے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیک کیے گئے کمپیوٹرز پر ڈارک ویب پر رابطے کے پیغامات چھوڑے گئے ہیں، سائبر حملے میں کے ای کے ونڈوز کمپیوٹرز اور بیک اپ متاثر ہوئے ہیں اور ہیکنگ سے انکرپٹ کیا گیا ڈیٹا قابل استعمال نہیں رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیکنگ سے بینکس سے رابطوں کا نظام متاثر ہوا ہے اور کے ای کی بلنگ کا سسٹم بھی ہیکنگ سے متاثر ہوا ہے۔