پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز پر پیسوں کی برسات کر دی
(امروز نیوز)
نئے سیزن میں اے پلس کيٹيگری ميں شامل 10 کھلاڑی ايک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہوار معاوضہ وصول کریں گے ۔
ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے دوران کرکٹرز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ معاوضے ملیں گے اور اے پلس کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کی ایک سیزن کی آمدن 30 لاکھ روپے سے بھی زائد ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اس ضمن میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نئے سیزن میں شریک کھلاڑیوں کو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سب سے کم معاوضہ حاصل کرنے والے ڈومیسٹک کرکٹرز اب رواں سال 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کماسکیں گے جوکہ سیزن 20-2019 کی نسبت 83 فیصد زیادہ ہے۔
رواں سال سب سے کم درجے کی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی نئے سیزن میں مجموعی طور پر 18 لاکھ روپے کی رقم کمائےگا جوکہ گذشتہ سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑی کی آمدن سے 7 فیصد زیادہ ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کےشیڈول کے باضابطہ اعلان کے بعد ان کھلاڑیوں کی کمائی کا واضح حساب لگایا جاسکتا ہے۔ یہ سیزن پاکستان کے سب سے بہترین کھلاڑیوں کوقومی ٹی 20 کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے تمام یعنی دس، دس میچوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کررہا ہے۔