امام الحق انٹر نیشنل کرکٹ میں بیٹنگ پرفارمنس سے مطمئن

0 244

لاہور : قومی شاہینوں نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد مستقبل میں بھی اپنی سرزمین کو انٹر نیشنل کرکٹ سے آباد رکھنے کی خواہش ظاہر کردی۔

قومی اوپنر امام الحق کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز سے تجربے میں اضافہ اور کھیل کے بارے میں کافی سیکھنے کو ملا۔ پی سی بی کے یو ٹیوب چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کیخلاف میچز آسان ثابت نہیں ہوئے اور اچھی کرکٹ کھیلی گئی اور بطور کھلاڑی مسلسل دباؤ کا شکار ہونے کے بعد بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

واضح رہے کہ امام الحق نے 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دو سنچریوں کیساتھ 370 رنز بنائے اور وہ سیریز میں زیادہ رنز بنانے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم کا دورہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل اور فائدہ مند تھا کیونکہ ان کے بعد کرکٹ کھیلنے والے دیگر بڑے ممالک کی ٹیموں کو دورے پر آنے کیلئے قائل کرنے میں مدد مل سکے گی۔

امام الحق کے مطابق جب زیادہ سے زیادہ ٹاپ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، تو یہ کھلاڑیوں کیساتھ قومی ٹیم کیلئے بھی اپنی مہارت کو بڑھانے کا موقع ہوگا۔ انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں اپنی فارم کے حوالے سے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ نے ان کے کھیل کو بہتر بنانے میں مدد کی۔ یاد رہے کہ انہوں نے ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری سکور کی تھی ۔ وہ نیٹ سیشن میں اپنی بیٹنگ کو نکھارنے کیلئے سخت محنت کرتے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی کے فوائد انہیں اعلی درجے کے مقابلوں میں حاصل ہو رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.