مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ جاری، حجاج کی جانب سے رمی اور قربانی

0 109

مکہ میں دنیا بھر سے آئے حجاج مناسک حج ادا کررہے ہیں۔

10 لاکھ سے زائد حجاج کرام نے کل رکن اعظم ادا کیا تھا جس کے بعد وہ مزدلفہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں ، شیطانوں کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کیں۔

رات مزدلفہ میں قیام کے بعد آج وہ منیٰ پہنچے، جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں (رمی) مار رہے ہیں، حاجی رمی اور جانوروں کی قربانی کے بعد احرام کھول رہے ہیں۔

سعودی عرب میں حج کے امور کی نگرانی کرنے والی انتظامیہ نے حجاج کو مزدلفہ سے واپسی پر خیموں میں جانے کا پابند بنایا گیا ہے، رمی کے لیے خیموں کے زون کے مطابق حاجیوں کے لیے وقت مقرر کررکھا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بد انتظامی سے بچا جاسکے۔ رمی کے لیے جانے والے حاجیوں کو تاکید کی گئی ہے کہ سامان نہ لے جائیں۔

بال منڈوانے یا تقصیر کرنے کے لیے جمرات پل کے قریب اور حاجیوں کے خیموں میں بھی حجاموں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ حاجی اپنی سہولت کے مطابق رمی کے فورا بعد یا کعبۃ اللہ کے طواف کے بعد واپسی میں بال منڈوائیں۔

حجاج کرام 11 اور 12 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے، اس دوران وہ شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.