ٹی 20 ورلڈ کپ : پاور ہٹرزکی کمی، سپنرز کا بھی فقدان

0 177

کراچی : سابق ٹیسٹ کپتان اور لیجنڈ وکٹ کیپر وسیم باری کو ٹونٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم میں پاور ہٹرز کی کمی کھٹکنے لگی اور سپنرز کا فقدان نظر آنے لگا۔

ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سرزمین پرپاکستان کرکٹ ٹیم کو ہمیشہ مشکلات درپیش رہی ہیں، اعلیٰ درجے کے مقابلوں میں اہلیت ثابت کرنے کے لیے موثر لائحہ عمل تیار کرنا ہوگی، کھلاڑیوں میں بہترین جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ذہنی طور پرمضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے، ٹاپ ٹیموں کے خلاف پلیئرز کا دباؤ میں آنا ان کی اہلیت پر سوال کھڑے کرتا ہے، معمولی سا پریشر بھی کارکردگی پرمنفی اثرڈال سکتا اور دراصل یہ ناکامی کی دلیل ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو تقویت دینا ہوگی۔ ٹی ٹونٹی مقابلوں میں کامیابی کیلئے درکار پاور ہٹرز کی شدت کے ساتھ کمی نظر آنے لگی ہے ، آل راؤنڈرز اور سپنرز کا بھی فقدان ہے، بدقسمتی سے ہمارے پاس کوئی ایسا معیاری لیگ یا آف سپنر موجود نہیں جو حریف ٹیم کی مضبوط شراکت کوتوڑتے ہوئے متواتر وکٹیں حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے کی کارکردگی کوبھی بہتربنانا ہوگا، شاہین شاہ آفریدی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن ان پر زیادہ بوجھ ڈالنا مناسب نہیں ،محمد رضوان وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی ذمہ داری شاندار انداز میں ادا کر رہے ہیں البتہ وکٹ کیپنگ میں ان کا بیک اپ بہت ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.