سانحہ سیالکوٹ نے پوری دنیا میں ہمارا کردار بری طرح متاثر کیا، احسن اقبال

0 129

نارووال ( امروز ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ نے پوری دنیا میں ہمارا کردار بری طرح متاثر کیا ہے ،جس دین پر ہم ایمان رکھتے ہیں وہ امن اور سلامتی کا دین ہے اس لیے ملک میں کسی قسم کے فساد اور بد امنی کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ گزشتہ روز نارووال میں رحمت العالمین امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ زندہ انسان کو جلانا ایک بہت بڑا ظلم ہے

، ہمارا دین اس طرح کے عمل کی ہرگز اجازت نہیں دیتا،اس لیے سانحہ صرف شہر سیالکوٹ نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم شرمسار ہے ،اس واقعہ نے پوری دنیا میں ہمارا کردار بری طرح متاثر کیا ہے ،اس لیے ہم نے محسوس کیا کے ہم اپنے حلقے کے لوگوں اور مذہبی قائدین کے ساتھ ملکر ایک ایسی مہم کا آغاز کریں تاکہ ہمارے علاقے میں کوئی نفرت کا بیج پیدا نہ ہو سکے کیونکہ نارووال کی دھرتی میں تمام مذاہب کے لوگ ایک خاندان کی مانند رہتے ہیں ہمیں ا س گلدستے کی حفاظت بھی کرنی ہے اور اسے کسی قسم کے فساد سے بھی بچانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہر وقت اس کوشش میں رہتا ہے کے جہاں پر امن کا باغیچہ بنے اور خوبصورت پھول کھلتے ہوں اس گلستان کو کیسے ختم کیا جائے ،کس طرح سے وہاں پر لوگوں میں نفرت پیدا کروائی جائے امن و امان خراب کیا جائے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کے ہماری نوجوان نسل سوشل میڈیا کی بجائے علمائے اکرام اور مذہبی قائدین سے دینی تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ سیدھی راہ پر چل سکیں اور اسلامی تعلیمات کو پھیلا سکیں اور اس کے ساتھ ہمارے سکولوں میں بھی دینی تعلیمات کے حوالے سے خاص پروگراموں کا انعقاد ہونا چاہیے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.