سندھ میں تین ہفتے تک کورونا ایمرجنسی نافذ
کوئٹہ (امروز نیوز)
وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات کرتے ہوئے حکومت سندھ نے تین ہفتے تک صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جلسے، جلوس، اجلاس، مجالس، عرس، برسی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی۔
تقریبات یا اجتماعات کے لیے بھی اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں جب کہ تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شادی ہالز بند اور سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس کے علاوہ پکنک اسپاٹس، پبلک پارکس، ساحل سمندر، واٹر پارکس، پلے لینڈز، جمنازیم، سوشل کلبس میں بھی تقریبات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ صوبے بھر میں درس گاہیں، مدارس اور مزارات بھی عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک اور کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے جب کہ دو مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔