سائیکل چلانے کے دوران توازن برقرار رکھنے میں ناکامی، امریکی صدر زمین پر گر گئے

0 136

امریکی صدر جو بائیڈن ڈیلاویئر کی ریاست میں ساحل سمندر کے کنارے اپنے گھر کے قریب سائیکل چلا رہے تھے کہ اچانک گر پڑے، لیکن ان کے جسم پر کوئی خراش نہیں آئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر جو بائیڈن نے خیر خواہوں اور نامہ نگاروں کے ہجوم کو بتایا کہ جب انہوں نے ایک سائیکل کلپ سے پاؤں نکالنے کی کوشش کی تو وہ اپنا توازن کھو بیٹھے تھے۔

پول رپورٹ میں ظاہر کی گئی وائٹ ہاؤس کی ایک ویڈیو میں 79 سالہ امریکی صدر کو سائیکل سے گرنے کے بعد فوری طور پر اٹھتے ہوئے دکھایا جاسکتا ہے جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ’میں ٹھیک ہوں‘۔

امریکی صدر، خاتون اول جِل بائیڈن کے ساتھ ریہوبوتھ بیچ، ڈیلاویئر میں ساحل سمندر کے قریب اسٹیٹ پارک میں سائیکل چلا رہے تھے اور جب وہ سائیکل سے گر گئے تو سڑک پر موجود تماشائیوں سے بات کرنے کے لیے وہاں رک گئے۔

اس کے بعد خفیہ سروس اور پریس میں ہلچل مچ گئی تاہم وائٹ ہاؤس کی ایک پول رپورٹ میں کہا گیا کہ سائیکل سے گرنے کے بعد امریکی صدر کو کوئی خراش نہیں آئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ طبی امداد کی ضرورت نہیں ہے، امریکی صدر کچھ روز اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کا سوچ رہے ہیں۔

سب سے معمر امریکی صدر کے طور پر جو بائیڈن کی صحت مسلسل توجہ کا مرکز ہے، خاص طور پر یہ قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں کہ وہ 2024 میں صدارت کی دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔

ہفتے کے روز میڈیا کی جانب سے کچھ سوالات میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے چینی اشیا پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور کے ٹیرف کو کم کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی چینی صدر شی جن پنگ سے بات کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.