سرکاری افسران اپنے اثاثے ظاہر کریں گے، سول سروس ایکٹ میں ترمیم کا بل سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد سینیٹ میں سول سروس ایکٹ میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، سرکاری افسران اپنے اثاثے ظاہر کریں گے، سول سروس ایکٹ میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سیاستدان اپنے اثاثے ظاہر کرتے ہیں،ایمنسٹی انٹرنیشنل ، اقوام متحدہ کے اداروں نے کہاکہ دنیا بھر میں یہ ہورہا ہے کہ سرکاری افسران کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے ہوتے ہیں،کرپشن سے متعلق چیزیں شفاف ہوں،محکمہ افسران کے گوشوارے ویب سائٹ پر آویزاں کریں۔
بل میں کہا گیا ہے کہ گریڈ17اوربالا کے افسران اپنے، شریک حیات اور زیرکفالت بچوں کے اثاثے ڈکلیئر کریں گے، گریڈ17سے بالاافسران اپنے غیرملکی اور ملکی اثاثے اور واجبات ڈکلیئر کریں گے،تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ ڈیجیٹل فائل کی جائیں گی ، جو پبلک ہوں گی،تاہم انکشافات عوامی مفادات اور شخص کی پرائیویسی اور سکیورٹی کے درمیان توازن کو مدنظررکھ کر کئے جائیں گے،یہ ترمیم معلومات تک رسائی کے ایکٹ کے تحت ہے۔
بل کے اغراض و مقاصد
مقصد ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت اثاثہ جات کا اعلان یقینی بنانا ہے،گریڈ17تا22اعلیٰ عہدیداران کے ملکی اور غیرملکی اثاثے عوام کیلئے قابل رسائی ہوں، اثاثوں کی تفصیلات ڈیجیٹل فائل کی جائیں گی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، پتہ، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کا تحفظ کیا جائے،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خطرے پر مبنی تصدیق کیلئے ضروری وسائل اور فریم ورک دیا جائے گا۔