پہلی مسلمان انڈین باکسنگ ورلڈ چیمپیئن جن کے شارٹس پہننے پر لوگ اعتراض کرتے تھے
انڈیا کی باکسر نکہت زرین نے ترکی میں منعقدہ خواتین کی ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ جیت لی ہے جس کے بعد وہ انڈیا کی وہ پانچویں خاتون بن گئی ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وہ انڈیا کے لیے ورلڈ چیمپیئن شپ جیتنے والی پہلی مسلمان باکسر بھی بن گئی ہیں۔
انڈین باکسر نے تھائی لینڈ کی جٹپونگ جٹامس کو جمعرات کو چیمپیئن شپ کے فلائی ویٹ ڈویژن میں پانچ صفر سے شکست دی ہے۔
اس جیت کے بعد خوشی سے دمکتی ہوئی زرین نے پوچھا ‘کیا میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہی ہوں؟’ یہ سنہ 2018 میں انڈین باکسر میری کوم کی چیمپیئن شپ میں جیت کے بعد سے انڈیا کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔
کوم اس ٹورنامنٹ میں اس سے قبل چھ مرتبہ چیمپیئن رہ چکی ہیں۔ دیگر انڈین خواتین جنھوں نے چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا ہے ان میں سریتا دیوی، جینی آر ایل اور لیکھا کے سی شامل ہیں۔
باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اجے سنگھ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ورلڈ چیمپیئن شپ میں میڈل جیتنا ایک خواب جیسا ہے اور نکہت کو اتنی جلدی یہ اعزاز ملنا انتہائی قابلِ تعریف ہے۔’
زرین کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے اور پورے ملک سے ان کے لیے مبارکباد کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ باکسر پر ‘انڈیا کو فخر ہے’۔