فلسطین، اسرائیل اقتصادی سربراہ اجلاس ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، حماس
مقبوضہ غزہاسلامی تحریک مزاحمت حماس نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی سربراہ اجلاس کے انعقاد کی تیاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتائج پرخبردار کیا ہے اورکہاہے کہ فلسطینی اتھارٹی کا اسرائیل کے ساتھ سربراہ اجلاس منعقد کرنا دشمن کیسامنے ہتھیار ڈالنے اور گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے ایک بیان میں حماس نے زور دے کر کہا کہ اقتصادی سربراہ اجلاس کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب قابض ریاست ہماری سرزمین، ہمارے عوام اور ہمارے مقدس مقامات کے خلاف یہودیت اور آباد کاری کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
حماس کا کہنا تھا کہ اس راستے کو قبول کرنا نام نہاد معاشی امن کے عنوان سے قابض ریاست کے مشکوک منصوبوں کے سامنے ہتھیار ڈالنا اور تسلیم کرنا ہے۔حماس نے وضاحت کی کہ یہ قابض ریاست کی حوصلہ افزائی کرنے کے مترادف ہے تاکہ دشمن کو فلسطینیوں پر مزید غیرمنصفانہ اقدامات کو مسلط کرنے کا موقع ملے اور اسے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے مدد فراہم کی جائے۔