فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار خواتین ریفریز ذمہ داریاں نبھائیں گی

0 38

رواں سال  قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں پہلی بار خواتین ریفریز ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر میں ہونے والے مینز  فٹبال ورلڈکپ کیلئے  پہلی بار 6 خواتین کو اپنے ریفریز کے مینل میں شامل کیا جس کی  تصدیق  بھی کردی  گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فرانس کی اسٹیفنی فراپارٹ، روانڈا کی سلیما مکانسانگا اور جاپان کی یوشیمی یاماشیتا کو  مینز فٹبال ورلڈکپ کے 36 رکنی  ریفریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ  برازیل کی نیوزا بیک، میکسیکو کی کیرن دیاز میڈینا اور امریکا  کی کیتھرین نیسبت 69  رکنی اسسٹنٹ ریفریز کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

فیفا ریفریز کے سربراہ  پیئرلوگی کولینا کا کہنا ہے کہ’ خواتین ریفریز کا انتخاب جنس کو مدنظر رکھے بغیر کیا گیا ہے، ان کے مطابق یہ ایک طویل  عمل کا نتیجہ ہے جو کئی سال پہلے  مردوں کے جونیئر اور سینیئر ٹورنامنٹس میں خواتین ریفریز کی تعیناتی کے ساتھ شروع ہوا تھا’۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں  کہ مستقبل میں اہم مردوں کے مقابلوں کے لیے خواتین  میچ آفیشلز  کو معمول کے مطابق ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ مینز فٹبال ورلڈکپ میں پہلی بار خواتین ریفریز کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ رواں سال 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائےگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.