پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے طریقہ کار کےخلاف کیس
لاہور (امروز نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے طریقہ کار کے خلاف کیس میں پنجاب حکومت کو 29مارچ تک جواب جمع کروانے کی آخری مہلت دے دی ۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ایڈووکیٹ شیراذ ذکاءکی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیاں مخصوص کوٹہ کے تحت نہیں کی جا سکتیں ،پنجاب حکومت نے پنجاب پبلک سروس کمشن کے لیے 9 مخصوص نشستیں جنوبی پنجاب کے لیے مختص کی ہیں ،پنجاب پبلک سروس کمشن میں بھرتیوں کے لیے مخصوص کوٹہ 2013ءمیں ختم ہو گیا ،آئین کے تحت پنجاب پبلک سروس کمشن میں مخصوص نشستوں پر بھرتیوں کا کوٹہ 40 سال کے لیے تھا، آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت مخصوص نشستوں پر بھرتیوں کا قانون ختم ہو چکا ہے ۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمشن میں پسماندہ علاقوں کے لیے مختص 9 مخصوص نشستیں کالعدم قرار دی جائیں ۔ عدالت نے جنوبی پنجاب کو دیئے جانے والے کوٹہ کے خلاف حکم امتناعی میں جمعہ تک توسیع کررکھی تھی۔ تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے جواب جمع نہیں کروایا گیا ۔ جس پر فاضل عدالت نے پنجاب حکومت کو 29مارچ تک جواب جمع کروانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔