پولیو کیس رپورٹ ہونے پر امریکا میں تشویش کی لہر
پولیو کا کیس رپورٹ ہونے کے بعد صورتِ حال کو مانیٹر کر رہے ہیں،کائونٹی کمشنربرائے صحت
واشنگٹن امریکا میں تقریبا ایک دہائی بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہونے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ صحت نے تصدیق کی کہ مین ہٹن کے شمال میں راک لینڈ کاونٹی میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ۔راک لینڈ کاونٹی کے کمشنر برائے صحت کا کہنا تھا کہ پولیو کا کیس رپورٹ ہونے کے بعد صورتِ حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وائرس امریکا سے باہر سے آیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ متاثرہ شخص کو پولیو وائرس کب اور کہاں سے لگا۔سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کا کہنا تھا کہ امریکا میں 1979 سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا، تاہم ماضی میں یہ وائرس پولیو کے شکار مسافروں کے ذریعے ملک میں لایا گیا تھا۔سی ڈی سی کے حکام کے مطابق اس طرح امریکا میں پولیو کا آخری کیس 2013 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔