امریکا میں بھی بلین ٹری منصوبہ شروع
امریکی حکومت نے جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے اور درختوں کی کمی کو دور کرنے کیلئے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کردیا۔
امریکی محکمہ زراعت کے سکریٹری ٹام ولسیک کے مطابق اگلے دس سال میں قومی جنگلات پر 40 لاکھ ایکڑ کی بحالی کیلئے ایک بلین سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے، فاریسٹ سروس نے اس سال جنگلات میں 100 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے جو پچھلے سالوں کی سرمایہ کاری سے تین گنا زیادہ ہے۔
محکمہ زراعت نے کہا یہ تاریخی سرمایہ کاری موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے، جنگل کی تباہ کن آگ کے نتیجے میں دوبارہ تعمیر کرنے اور امریکا کے جنگلات کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گی۔
امریکی فارسٹ سروسز کے مطابق 40 لاکھ ایکڑ رقبے میں سے زیادہ تر جنگلات پچھلے کچھ سالوں کے دوران جل کر خاک ہو گئے تاہم سروس نے کہا کہ وہ جنگل کی آگ کے بعد پودے لگانے کی سالانہ ضروریات کا صرف 6 فیصد پورا کرنے میں کامیاب رہی ہے جس سے بیک لاک پیدا ہوتا ہے۔
فاریسٹ سروسز نے کہا ہے کہ جنگلات میں اضافے کی فوری ضرورت ہے، زراعت کے سیکریٹری ٹام ویلسیک نے پیر کو کہا کہ جنگلات موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں ایک طاقتور ہتھیار ہیں۔
اس وقت امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رواں موسم گرما کی سب سے بڑی جنگلات کی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز مصروف ہیں، اس آگ سے 17ہزار 241 ایکٹر پر موجود جنگلات متاثر ہوئے ہیں، اس آگ کو رواں سیزن میں کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی بدترین آگ قرار دیا جارہا ہے۔