بھارتی شہری نے فیس بُک پر دستیاب کرائے کے قاتل سے باپ قتل کرادیا

0 210

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں نوجوان نے فیس بک کے ذریعے کرائے کے قاتل سے رابطہ کرکے اپنے باپ کا خون کرادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے قصبے پچھوڑ میں 21 اور 22 جولائی کی درمیانی رات مہیش گپتا نامی شخص کو اس کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں مہیش گپتا کے بیٹے انکیت گپتا ، اس کے دوست نیتن لودھی اور اجیت سنگھ کو گرفتار کرلیا۔

علاقے کے ایس پی راجیش سنگھ چنڈیل نے بتایا کہ انکیت گپتا نے اجیت سنگھ سے اپنے باپ کو قتل کرایا، اس سلسلے میں انکیت کی مدد اس کے دوست نیتن نے کی۔

راجیش سنگھ چنڈیل کے مطابق انکیت نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شراب کا رسیا اور جوئے کا عادی تھا، اسے اپنے باپ پر شدید غصہ تھا کیونکہ وہ اسے اپنے شوق پورے کرنے کے لیے پیسے نہیں دیتا تھا۔

اپنے باپ کو اغوا کے بعد قتل کرانے کے لیے انکیت نے انٹرنیٹ کی مدد حاصل کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے اس کا رابطہ بہار کے ایک جرائم پیشہ گروہ اجیت کنگ سے ہوا۔

انکیت کا فیس بک میں اجیت کنگ گروپ کے ایڈمنسٹریٹر سے ایک لاکھ روپے کے عوض معاملہ طے ہوا اور اس نے 10 ہزار روپے اس کے بینک اکاؤنٹ میں جمع بھی کرادیئے۔

اجیت سنگھ قتل کے لیے بہار سے مدھیہ پردیش کے شہر جھانسی پہنچا جہاں اس سے انکیت اور نیتن ملے، دونوں نے ہی اجیت کی رہائش کا بندوبست کیا۔

مہیش کے قتل کی رات انکیت نے اپنی بیوی بچوں کو گھر کی پہلی پہلی منزل پر سلایا اور خود نیچے لیٹ گیا۔ رات گئے اجیت سنگھ آیا تو اسی نے قاتل کو مقتول کے بارے بتایا۔

فائرنگ کی آواز سن کر انکیت کی بیوی جاگ گئی، انکیت نے بیوی کو یہ کہہ کر دوبارہیی سلادیا کہ آواز گولی چلنے کی نہیں بلکہ بجلی کڑکنے کی تھی۔

بیوی کے دوبارہ سونے کے بعد انکیت نے اجیت کو گھر سے نکالا اور دروازہ بند کرکے سو گیا، صبح ہوئی تو اس نے واویلا شروع کردیا کہ کسی نے اس کے باپ کو قتل کردیا ہے۔

ایس پی راجیش سنگھ چنڈیل نے بتایا کہ انکیت کا ایک بھائی فوج میں تھا لیکن اس نے خودکشی کرلی تھی، اس کی موت پر انکیت کے باپ کو ایک کروڑ روپے ملے تھے جب کہ اس کی پنشن بھی آتی تھی، اس رقم کو دیکھ کر انکیت لالچ کا شکار ہوا اور اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا

Leave A Reply

Your email address will not be published.