طاہر داوڑ کی لاش این ڈی ایس نے منظور پشتین کو دی،قومیت کے نام پر کسی کو دکانداری چمکانے کی اجازت نہیں دی جائےگی، شہر یار آفریدی
اسلام آباد (امروز نیوز) وفاقی وزیر سیفران شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ طاہر داوڑ کی لاش این ڈی ایس نے حکومت کی بجائے منظور پشتین کو دی،کسی قومیت کے نام پر کسی کو دکانداری چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اپوزیشن اور حکومت طاہر داوڑ کے قتل کے حوالے سے توجہ دلاو¿ نوٹس جمع کرائیں، ساری صورتحال سے ایوان کو آگاہ کیا جائےگا۔ جمعہ کو وزیرسیفران شہر یار آفریدی نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے صرف پختونوں کے لئے شرط رکھی کہ شناختی کارڈ کے لئے 1979 سے پہلے والی شناخت بتانا ہوگی۔چمن میں 300 روپے کے عوض شناختی کارڈ جاری کیاگیا، یہ بھی پچھلی حکومتوں کا مسئلہ تھا ، سابقہ حکومتوں میں پختونوں سے جو رویہ روا رکھا ہم نے اسے ختم کیا،طاہر داوڑ کی لاش این ڈی ایس نے حکومت کی بجائے منظور پشتین کو دی،ہمارے اس ایوان کے رکن محسن داوڑ تک کو مذاکرات کےلئے بھجوایا گیا ،وہاں جو کچھ پاکستانی پرچم کے ساتھ کیا گیا وہ بھی لمبی تفصیل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کسی قومیت کے نام پر یہاں کسی کو دکانداری چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن اور حکومت طاہر داوڑ کے قتل کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس جمع کرائیں، ساری صورتحال سے ایوان کو آگاہ کیا جائےگا۔