ججز کے خلاف ریفرنس بدنیتی کی بنیاد پر دائر کیا گیا ہے ، ہمیں شدید تشویش ہے ، نفیسہ شاہ

0 141

اسلام آباد (امروز نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کچھ خاص ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کئے گئے ہیں اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارلیمنٹرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ سب پر احتساب پر یقین رکھتی ہے لیکن حال ہی میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا استعفیٰ بظاہر اس بنیاد پر لیا گیا ہے کہ سینئر جج کے خلاف یہ ریفرنس دائر کیا گیا ہے اس میں کچھ خاص ججوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے محترم جج قاضی فائز عیسیٰ نے بھی صدر پاکستان کو ایک خط لکھا ہے کہ یہ دونوں باتیں شک و شبہ پیدا کرتی ہیں کہ یہ ریفرنس بدنیتی کی بنیاد پر دائر کیا گیا ہے اور اس سے عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنا مقصود ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کو خبردار کیا کہ حکومت کے اس اقدام سے ادروں کے درمیان تصادم ہو جائے گا اور عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔ اگر واقعی یہ ریفرنسز بد نیتی کی بنیاد پر دائر کئے گئے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی وکلاءبرادری کے ساتھ اور عدلیہ کی آزادی کے لئے کھڑی ہوگی جیسا کہ پارٹی کا موقف ماضی میں بھی رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.