بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کو بجلی فراہمی پر آئی ایم ایف کا اظہار تشویش، حکومت سے وضاحت طلب
اسلام آباد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کو بجلی فراہم کرنے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کردیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئی ایم ایف نے بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کو بجلی فراہم کرنے کے معاملے پر اعتماد میں نہ لینے اور بجلی ٹیرف پر حکومت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد سے بِٹ کوائن مائننگ کوبجلی فراہم کرنے پر ورچوئلی بات چیت ہوگی جبکہ آئی ایم ایف نے کرپٹو کرنسی کا سٹیٹس تاحال لیگل نہ ہونے پربجلی مختص کرنے پر وضاحت مانگی۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ قرض پروگرام میں رہتے ہوئے تمام اقدامات مشاورت سے کئے جائیں، حکومت کی معاشی ٹیم کوبجٹ پر مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کے سخت سوالات کاسامنا ہے جبکہ بجلی فراہمی کے اقدام پر آئی ایم ایف کی جانب سے مزید سخت بات چیت کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے تمام معاملات پر ورچوئل مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔