کوئٹہ، ماسک کے بغیر گھومنے والوں کو قرنطینہ منتقل کرنے کا اعلان
کوئٹہ (امروز نیوز)
کوئٹہ:ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ و ریجنل پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان نے کہا ہے کہ کرونا کے ممکنہ پھیلاوٗ کو روکنے کے لئے لاک ڈاوٗن سمیت دیگر اقدامات پر عملدرآمد اور احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کی وجہ سے کوئٹہ میں کرونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے ماسک کے بغیر اور گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور سڑکوں و گلیوں میں بلا جواز پھرنے والوں کے ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں قرنطینہ سینٹر میں رکھنے کے علاوہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر درزی، پلمبر، حجام، مارکیٹ اور پلازوں کی دکانیں کھولنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا یں گے اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں دیگر آفیسران بھی موجود تھے
ایڈیشنل آئی جی و آر پی او عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاوٗکو روکنے کے لئے حکومت اور اداروں کی جانب سے جو حفاظتی انتظامات اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے عوام انہیں سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور نہ ہی لاک ڈاوٗن سمیت دیگر انتظامات پر عمل کررہے ہیں جس کی وجہ سے کوئٹہ شہر اور ملحقہ علاقوں سے لوکل انفکیشن کے کرونا وائرس کے کیسز میں بڑی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو حکومت انتظامیہ سمیت عوام کے لئے باعث تشویش ہے اس لئے عوام کی آگاہی کے لئے حکومت، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف مراحل میں مہم چلائی گئی میڈیا کے علاوہ سو شل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی استعمال میں لاتے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کیا گیا۔