وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 56ارب روپے کے مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی
(امروز نیوز)
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کی سالانہ پلاننگ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ اور احتجاج رنگ لے آیا وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 56ارب روپے کے مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی۔گزشتہ روز وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر صوبائی وزرا میر ظہوراحمد بلیدی،حاجی نورمحمددمڑ اور میٹھا خان کاکڑ کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ کمیشن اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات کے تیسرے دور میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بلوچستان کے 56ارب کے مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی مذکورہ منصوبوں میں سڑکیں،ڈیمز اور بجلی کے منصوبے شامل ہیں گے،صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمد بلیدی نے امید کااظہار کیاکہ وفاقی حکومت مزید بھی منصوبوں کی منظوری دے گی،واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سالانہ پلاننگ کوارڈینیشن کمیٹی کااجلاس ہوا تھا جس میں بلوچستان کے مختلف منصوبوں کی وفاقی بجٹ سے نکالنے پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے احتجاجا اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا بعدازاں وزیراعلی بلوچستان جام کمال کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے منصوبوں کی منظوری سے متعلق مکمل یقین دہانی کرائی تھی،گزشتہ روز وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ کمیشن سے ملاقات کی تھی