لوٹے اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوٹے ضمیر بیچ کر اپنے حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، یہ اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمران بیرونی سازش کے ذریعے ہم پر مسلط ہوئے۔ ہم نے انہیں شکست دینی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہم امریکا کے سامنے اور نہ ہی ان چوروں کے سامنے جھکیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج عوام اس حکومت کےخلاف ہے، یہ صرف امپائر کو ساتھ ملاکرالیکشن جیت سکتے ہیں، امپائر ان کےساتھ ہیں، اس کے باوجود ہمیں ان کو شکست دینی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر پولیس نےغلط کام کیا تو ساری زندگی لوگ آئی جی پنجاب پر انگلیاں اٹھائیں گے، پولیس نے کوئی غلط کام کیا تو پولیس کی ساکھ خراب ہو گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر کسی کو اعتبار نہیں رہا، الیکشن فیصلہ کرے گا کہ قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار کر سکتی ہے یا نہیں، امپائر ان کے ساتھ ہیں، ہمیں پتا ہے ان کے ساتھ کون کون ہے، پیسا بھی چل رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 2ماہ میں اس حکومت نے اتنی مہنگائی کردی جتنی 3 سال میں نہیں ہوئی، حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا ہے، ہمیں پتا ہے جو آئی ایم ایف کہےگا یہ حکومت کرے گی۔