سرگودھا پولیس نے اجرتی قاتل، بھتہ خور، ڈکیت ، دہشت کی علامت کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا
سرگودھا(این این آئی)سرگودھا پولیس نے اجرتی قاتل، بھتہ خور، ڈکیت ، دہشت کی علامت کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔ان ملزمان میں خوف اور دہشت کی علامت محمد ثقلین ، محسن گلزار اور محمد ذیشان شامل ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔زرائع کے مطابق تھانہ میانی میں خونی ڈکیتی اور بھتہ خوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ٹاسک دیا گیا۔جس پر پولیس ٹیم نے محمد ثقلین عرف ثقلینو ولد غلام حسین قوم تھنیل سکنہ ویگووال اس کے ساتھیوں محسن گلزار ولد گلزار احمد قوم گوندل سکنہ چاہ نقشی والا اور محمد ذیشان ولد محمد یعقوب قوم گوندل سکنہ گوند پور کو گرفتارکرلیا۔جن سے جدید خطرناک آٹو میٹک اسلحہ آتشیں بھی برآمد ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے 26 دسمبر کو مڈھ موڑ بیکری اور سپر سٹور مالک محمد اشرف کو انتہائی بے دردی سے فائرنگ کرکے قتل کیااور ڈکیتی کرکے فرار ہوگئے تھے۔ اسی طرح 9 جون کو ملزمان نے غلام فرید کو قتل کیا۔ ان ملزمان میں محمد ثقلین 11، محسن گلزار13 اور محمد ذیشان 11 خونی ڈکیتی ، قتل، راہزنی، بھتہ خوری اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات بھیرہ، میانی اور پھلروان میں ملوث ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان کا طریقہ واردات اس نوعیت کا ہوتا تھا کہ واردات کے بعد علاقہ میں دہشت اور خوف وہراس پھیل جاتا۔ جن کی وارداتیں پولیس کے لیے چیلنج تھیں۔گرفتاری کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔