سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا
(کوئٹہ امروز نیوز)
برلن : سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے جانے والے امن معاہدے کی پیروی نہیں کی جائے گی، اسرائیل جب تک فلسطین کے ساتھ امن معاہدہ نہیں کرتا تسلیم نہیں کریں گے، فلسطینیوں کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہوئے امن معاہدے کے حوالے سے پہلی مرتبہ ردعمل دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جرمنی کے شہر برلن میں موجود سعودی وزیر مملکت کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کیساتھ جو امن معاہدہ کیا گیا ہے، سعودی عرب اس کی پیروی نہیں کرے گا۔
مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے سعودی عرب کا موقف واضح ہے۔ اسرائیل جب تک فلسطین کے ساتھ امن معاہدہ نہیں کرتا اسے تسلیم نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عرب امن منصوبے پر آج بھی قائم ہے۔ ایک بار امن قائم ہو جائے تو پھر سب کچھ مممکن ہے لیکن فلسطینیوں کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔