سیشن کورٹ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،ملزمان فائرنگ کرتے فرار ہونے میں کامیاب

0 168

لاہور ( این این آئی)سیشن کورٹ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، سیشن جج لاہور نے فائرنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر معمور اہلکاروں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ دروازے پر فائرنگ کی گئی مگر پولیس اہلکاروں نے مزاحمت کیوں نہیں کی ۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز سیشن کورٹ میں صبح کے وقت آنے والے سائل پر تین موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق سیشن کورٹ کے باہر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت بلال عظیم کے نام سے ہوئی ہے جو مغلپورہ کا رہائشی تھا۔مقتول ایڈیشنل سیشن جج شاہد بیگ کی عدالت میں پسند کی شادی کیس کے سلسلے میں آیا تھا۔سیشن جج لاہور نے سیشن کورٹ کے دروازے پر فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ سیشن جج لاہور نے ڈیوٹی پر معمور اہلکاروں پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ دروازے پر فائرنگ کی گئی لیکن پولیس اہلکاروں نے مزاحمت کیوں نہیں کی۔سیشن جج لاہور نے حکم دیا کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.