صوبائی حکومت نے حق دو تحریک کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے ہیں، ضیاء لانگو
مولانا ہدایت الرحمن گوادر کے لوگوں پر رحم کرکے 20 دنوں سے جاری دھرنا ختم کردیں،پریس کانفرنس
کوئٹہ( امروز ویب ڈیسک)بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے حق دو تحریک کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے ہیں مولانا ہدایت الرحمن گوادر کے لوگوں پر رحم کرکے 20 دنوں سے جاری دھرنا ختم کردیںپانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو گوادر بجھوانے کا فیصلہ یہاں امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یہ بات انہوں نے گوادر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں کمشنر مکران عرفان شاہ غرشین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہی۔مشیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن سے ملاقات کرکے آیا ہوں کہ وہ مطالبات تسلیم کرنے کے بعد دھرنے سے متعلق نظر ثانی کریں حق دو تحریک کے انیس مطالبات میں سے تین مطالبات پر تو عمل درآمد ہوگیا ہے اور دیگر پر عمل درآمد کیلئے کام ہورہا ہے غیر قانونی ٹرالر کے خلاف کاروائی جاری ہے
ڈی جی فشریز ٹرالر کے خلاف آپریشن کررہے ہیں پاکستان نیوی کو بھی آپریشن کے متعلق کہا گیا ہے۔ ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ باڈر ٹریڈ وفاقی ایشو ہے وفاق سے اس مسلے پر کام ہورہا ہے غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ اور گوادر یونیوسٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔
مشیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت دھرنا کو طاقت کے زریعے ختم کروانے کے حق میں شروع سے نہیں ہے۔ پولیس کی اضافی نفری دھرنے کے شرکاءاور سرکاری املاک کی حفاظت کے لئے بجھوائی گئی ہے تاکہ دھرنا کو ہائی جیک نہ کیا جائے گوادر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے سیکورٹی بڑھانے کا پلان کیا ہے ۔